Nov ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے جنوبی ساحلوں پر خوفناک طوفان

ہندوستان جنوبی ریاست تمل ناڈو میں گردابی طوفان "Gaja" نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور اب تک اس کے نتیجے میں دسیوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ گردابی طوفان  جمعے کی صبح تمل ناڈو کے ناگا پٹنم اور ویدرنیم ساحلوں سے ٹکرایا۔ اس دوران طوفانی ہوائیں بھی ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی رہی۔

تمل ناڈو کے وزیراعلی پلانی سامی نے بتایا ہے کہ طوفان سے کم سے کم تیئیس افراد کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ ڈیزاسٹرمینجمینٹ نے اکیاسی ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

ساحلی شہروں اور علاقوں میں بسنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے تقریبا پانچ سو کیمپ بنائے گئے ہیں۔ طوفان، تیزہواؤں اور بارش کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے کھمبے اکھڑ کرگر گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ریاستی انتظامیہ نے اسکولوں اور کالجوں میں امتحانات کو منسوخ کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان خلیج بنگال سے اٹھا تھا جس کی رفتار جمعے کی دیر رات تک کم ہوجائے گی۔