Nov ۲۴, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  •  کشمیر میں پنچایتی انتخابات کے موقع پر عام ہڑتال

کشمیرمیں پنچایتی انتخابات کے موقع پرعام ہڑتال ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں9مرحلوں کے تحت ہونے والے پنچایتی انتخابات کے تیسرے مرحلےکا آغاز آج  صبح ہوگیا ہےاورتیسرے مرحلے میں 2773پولنگ مراکز پر ووٹنگ ہوگی۔

کشمیر میں جاری پنچایتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے تحت ہفتہ کے روز ریاست بھر میں 2773 پولنگ مراکز پر ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں کشمیر صوبے کے 918 جبکہ جموں صوبے کے1855 پولنگ مراکز شامل ہیں ۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو کر دوپہر دو بجے تک جاری رہے گا ۔

چیف الیکٹورل آفیسر شالین کابرا کے مطابق تیسرے مرحلے میں 358 سرپنچ اور 1652 پنچ حلقوں کے لئے 5239 امیدوار میدان میں ہیں ۔

کشمیر میں پنچایتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر عام ہڑتال کی جارہی ہے اور تمام دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ ریل خدمات بھی معطل رکھی گئیں۔

محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ خدمات سیکورٹی وجوہات کی بناءپر ایک دن کے لئے معطل رکھی گئی ہیں۔

 

ٹیگس