Dec ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • چابہار دہشت گردانہ بم دھماکے کی ہندوستان کی جانب سے مذمت

حکومت ہندوستان نے ایران کے جنوب مشرقی ساحلی شہر چابہار میں جمعرات کو ہوئے دہشت گردانہ دھماکے کی مذمت کی ہے۔

ہندوستان کی حکومت نے اپنے بیان میں چابہار دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو نفرت انگیز قرار دیا اور دھماکے کے ذمہ داروں کا فوری طور پر پتہ لگا کر انہیں سزا دیئے جانے پر تاکید کی-

ہندوستانی حکومت نے اپنے بیان میں ایران کے عوام، حکومت اور خاص طور پر اس حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا-

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان روش کمار نے بھی چابہار دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چابہار میں دہشت گردانہ حملے کا کوئی جواز نہیں ہے اور اس دھماکے کے ذمہ داروں کو سزا دی جانی چاہئے-

چابہار بندرگاہ بحرھند سے قریب ہونے اور افغانستان کے لئے ہندوستانی مصنوعات کی منتقلی کے راستے میں واقع ہونے کی وجہ سے نئی دہلی کے لئے اسٹریٹیجک اہمیت کی حامل ہے-

ہندوستان نے چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے میں پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر رکھا ہے-

جمعرات کو ایک خودکش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری ہوئی اپنی کار چابہار میں پولیس ہیڈ کوارٹر میں دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی اہلکاروں کی بر وقت کارروائی کی وجہ سے اس نے اپنی کار کو پولیس اسٹیشن کے باہر ہی دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے- خودکش حملہ آور بھی اس دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔