Dec ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی 5 ریاستوں میں انتخابی نتائج میں کانگریس کو برتری

ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے ابتدائی رجحانات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو جھٹکا لگتا نظر آرہا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کواپنا اقتدار بچانے کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑرہی ہے۔

مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں ووٹوں کی گنتی سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان آج صبح شروع ہوگئی۔ ابتدائی رجحانات میں مدھیہ پردیش اور راجستھان میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اہم اپوزیشن جماعت کانگریس کے مابین سخت ٹکر میں کانگریس کو معمولی سبقت حاصل ہے۔

مدھیہ پردیش میں کانگریس 112، بی جے پی 111، بہوجن سماج پارٹی چار اور دیگر دس سیٹوں پر آگے چل رہے ہیں۔ راجستھان میں کانگریس 101اور بی جے پی 72سیٹوں پر سبقت حاصل کئے ہوئے ہے۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس دو دتہائی سیٹوں سے آگے ہے جبکہ کانگریس کی قیادت والی پیپلز فرنٹ دوسرے نمبر پر ہے۔ میزورم میں میزو نیشنل فرنٹ اور کانگریس کے درمیان سخت ٹکر میں کانگریس پیچھے ہے۔

دوسری جانب راجستھان کانگریس کے صدر سچن پائلٹ نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے رجحان سے واضح ہوچکا ہے کہ کانگریس ریاست میں مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ پائلٹ نے ووٹوں کی گنتی کے رجحانات کے بعد آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حتمی نتیجہ آنے تک انتظار کرنا چاہیے لیکن جس طرح کے رجحان مل رہے ہیں اس سے راجستھان سمیت مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ تینوں ریاستوں میں کانگریس کی حکومت بننا طے ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں 2019 ء میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل مودی سرکار کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ریاستی انتخابات کےغیرسرکاری نتائج کےمطابق راجستھان،چھتیس گڑھ میں کانگریس کوبرتری حاصل ہو گئی جبکہ یہ اہم ریاستیں بی جے پی کے ہاتھوں سے نکل رہی ہیں۔

ٹیگس