Dec ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • ریاستی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بڑا دھچکا

ہندوستان کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے رجحانات کے مطابق حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کا گڑھ سمجھی جانے والی تین ریاستوں میں برتری حاصل کرلی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس پارٹی نے پانچ ریاستوں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، تلنگانہ اور میزورام میں سے تین ریاستوں میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو بری طرح شکست دے دی ہے۔ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔

ریاست مدھیہ پردیش میں تازہ اطلاع کے مطابق کانگریس کو ایک سو سترہ اور بی جے پی کو ایک سو تین نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔
ادھر جنوبی ریاست تلنگانہ میں ریاست کی حکمراں جماعت ٹی آر آیس نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور اس نے ایک سو انیس کے ایوان میں چھیاسی نشستیں حاصل کرلی ہیں۔
شمال مشرقی ریاست میزورام میں علاقائی جماعت میزو نیشنل فرنٹ نے چالیس نشستوں والے ایوان میں چھبیس سیٹیں جیت لی ہیں اس طرح میزورام میں کانگریس کو علاقائی جماعت ایم این ایف سے شکست کھانی پڑی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ آئندہ سال عام انتخابات سے قبل مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی تین اہم ریاستوں میں شکست اس کے لئے بڑا دھچکا ہے۔