Jan ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • لوک سبھا انتخابات کےلئے راہل گاندھی کی مہم

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی لوک سبھا انتخابات کے دوران ریاست اترپردیش میں تیرہ ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کانگریس کے سینیئر لیڈر اور پارٹی میں ریاست اترپردیش کے معاملوں کے انچارج غلام نبی آزاد اور ریاستی کانگریس کے صدر راج ببر کے مابین ایک میٹنگ میں راہل گاندھی کے لوک سبھا انتخابات کے لیے مہم چلانے کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔

ان عوامی ریلیوں کا انعقاد فروری میں اترپردیش کے ہر ڈویژن میں کیاجائے گا جبکہ ہرڈویژن میں چھ لوک سبھا سیٹ شامل ہوں گی۔

میٹنگ کے بعد مسٹر آزاد نے صحافیوں کو بتایاکہ کانگریس ریاست میں ہم خیال اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے خلاف انتخاب لڑنے والی پارٹیوں کی مدد لے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے اور جو لوگ بی جے پی کے خلاف ہوں گے یقینا ان کی مدد لی جائے گی۔

واضح رہے کہ کانگریس نے اتر پردیش میں تنہا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے ریاست میں بہوجن سماج پارٹی اور سماج وادی پارٹی نے مل کر انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔