Feb ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی لوک سبھا میں ہنگامہ

ہندوستان کی پارلیمنٹ میں منگل کو بھی شدید ہنگامہ ہوتا رہا اور کئی بار پارلمینٹ کی کارروائی کو ملتوی کرنا پڑا۔

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں مرکزی تفتیشی بیورو سی بی آئی اور کولکتہ پولیس کے درمیان ٹکراؤ کے معاملے پر ترنمول کانگریس اور کانگریس کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی منگل کو چار بار ملتوی کرنا پڑی۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ایک بار ملتوی ہونے کے بعد کھانے کے وقفہ کے بعد ایوان میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر دوبارہ بحث شروع ہوئی تو ایوان کی کارروائی ہنگامے کی وجہ سے ایک بار پھر ملتوی کرنا پڑی۔

بحث کے دوران ہی ایک وقت ایسا آیا جب کانگریس کے ملک ارجن کھڑگے اور ترنمول کے بندو پادھیائے نے اسپیکر سے صدر جمہوریہ کے خطاب پر بحث بدھ کی صبح تک کے لئے ملتوی کرنے کی درخواست کی لیکن انہوں نے اس سے یہ کہتے ہوئے صاف انکار کر دیا کہ اس بات کی ضمانت کون دے گا کہ ایوان میں بدھ کے روز یہ ارکان ہنگامہ نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ سی بی آئی اور کولکتہ پولیس کے درمیان ٹکراؤ کے معاملے پر ہندوستان کی سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بینرجی نے اپنا دھرنا ختم کر دیا ہے اور اسے جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے۔