Feb ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • پلوامہ مسلح تصادم ختم، 5 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں مسلح تصادم میں 5 سیکورٹی اہلکار، 3 عسکریت پسند اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنگلن میں کل پیر کے روز سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تقریبا 18 گھنٹوں تک جاری رہنے والا مسلح تصادم ایک میجر اور جموں وکشمیر پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل سمیت 5 سیکورٹی فورس اہلکاروں، تین عسکریت پسندوں اور ایک عام شہری کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔

مسلح تصادم کے دوران ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ایک آرمی بریگیڈیئر، ایک لیفٹیننٹ کرنل، ایک میجر اور ایک کیپٹن سمیت 8 سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے۔

مسلح تصادم آرائی میں 2رہائشی مکان ، دو گائے خانے اور ایک کچن بھی خاکستر ہوئے جبکہ قریب 10مکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ مارے گئے عسکریت پسندوں میں جیش محمد کا چیف آپریشنل کمانڈر کامران بھی ہے، جو اونتی پورہ واقعہ کا ماسٹرمائنڈ تھا۔اس دوران تصادم  کے مقام کے متصل دن بھر نوجوانوں اور فورسز میں پتھراو اور شیلنگ کے واقعات ہوتے رہے جبکہ پنگلنہ میں کرفیو نافذ کیا گیا اور پلوامہ کے علاوہ دیگر مقامات پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں انٹر نیٹ سروس معطل کی گئی۔

 

ٹیگس