Mar ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

ہندوستان میں آئندہ عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا۔

ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کے چیف الیکشن کمیشن سنیل اروڑا نے آئندہ عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا کے انتخابات، سات مرحلوں میں پورے ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ تاریخوں کو تمام تہواروں کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے جبکہ انتخابات کا پہلا مرحلہ گیارہ اپریل کو انجام پائے گا جس دن ہندوستان کی بیس ریاستوں کی اکانوے نشستوں کے لئے ووٹنگ ہو گی۔

دوسرا مرحلہ اٹھارہ اپریل کو انجام پائے گا جس میں تیرہ ریاستوں کی ستانوے سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہو گی۔

تیسرا مرحلہ تئیس اپریل کو انجام پائے گا جس دن چودہ ریاستوں میں ایک سو پندرہ نشستوں،  چوتھے مرحلے میں چھے ریاستوں میں اکہتر سیٹوں، چھے مئی کو پانچویں مرحلے میں یس ریاستوں میں اکیاون نشستوں، چھٹے مرحلے میں بارہ مئی کو سات ریاستوں میں انسٹھ سیٹوں اور ساتویں و آخری مرحلے میں انّیس مئی کو آٹھ ریاستوں میں انسٹھ نشستوں پر ووٹنگ ہو گی اور نتائج کا اعلان  تئیس مئی کو کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات ای وی ایم مشینوں کے ذریعے ہی ہوں گی جن کی سیکورٹی کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے اور ہر پولنگ مرکز پر کیمرہ نصب کیا جائے گا۔

 واضح رہے کہ موجودہ پارلیمنٹ کی مدت تین جون کو ختم ہو رہی ہے۔

ٹیگس