Mar ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  •  انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد ہندوستان میں سیاسی گہما گہمی

ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں ۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگرس پارٹی پر مہاتما گاندھی کے اصولوں پر نہ چلنے کا الزام لگایا ہے ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کانگرس پارٹی نے بقول ان کے مہاتما گاندھی کی تعلیمات کو نظرانداز کرتے ہوئے شان و شوکت کی زندگی اور بینک کھاتے بھرنے کا راستہ اپنایا ہے۔ نریندر مودی نے دعوا کیا کہ ان کی حکومت نے مہاتما گاندھی کے اصولوں پر چلتے ہوئے غریبی دور کرنے اور ملک میں خوشحالی لانے کی مہم پر کام کیا ہے ۔

دوسری طرف ریاست گجرات کے سابرمتی آشرم میں کانگرس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پہلی بار پارٹی کی جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے پرینکا گاندھی نے بھی شرکت کی ۔ اس اجلاس میں کانگرس پارٹی کے صدر راہل گاندھی ان کی والدہ سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ دیگر سینیئر کانگرسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

راہل گاندھی نے اسی کے ایک ٹوئٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی پر آرایس ایس کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک میں منافرت پھیلانے کا الزام لگایا ہے ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی منافرت پھیلانے کے نظریئے کو شکست دینے کےلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کو تیار ہے ۔

ادھر دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی دہلی سے پارلیمنٹ کی ساتوں نشستیں جیتے گی ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ نہ دینے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی ۔ انھوں نے کہا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ ملنے سے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔

ٹیگس