Mar ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • کرتارپور راہداری پر پاک ہند مذاکرات

پاکستان اور ہندوستان نے کرتار پور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں۔

دونوں ملکوں کے وفود کی سطح پر ہونے والے یہ مذاکرات ہندوستان کے سرحدی شہر اٹاری میں منعقد ہوئے جن کا مقصد کرتار پور راہداری معاہدے کو حتمی شکل دینا ہے۔
حالیہ سرحدی کشیدگی کے بعد ودنوں ملکوں کے سرکاری وفود کے درمیان یہ پہلے مذاکرات ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے واگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مذاکرات میں مثبت پیغام لے کر جارہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہندوستان بھی قدم آگے بڑھائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو بہت اہمیت دیتا ہے اور بابا گرونانک دیو جی کا مزار، سکھ برادری کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان و پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی خطے کے امن کے لیے ضروری ہے اور ساتھ ہی انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ کرتارپور راہداری سے، سکھ برادری کو سہولت اور دونوں ممالک کے درمیان امن قائم ہو گا۔