Mar ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • نئی دہلی چین کی سوچ میں تبدیلی کا منتظر

اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ نئی دہلی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب سید اکبر الدین نےکہا ہے کہ  نئی دہلی اس وقت تک صبر و تحمل کی پالیسی پر عمل کرتا رہےگا جب تک چین کا نظریہ دہشت گرد گروہ جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کے  بارے میں تبدیل نہیں ہوجاتا - ہندوستانی مندوب کا کہنا تھا کہ صبر و تحمل ہندوستانی سفارتکاری کا اٹوٹ حصہ ہے - گذشتہ ہفتے امریکا برطانیہ اور فرانس نے سلامتی کونسل میں ایک مسودہ قرارداد پیش کرکے مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کی بلیک لیسٹ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن چین نے اس کی مخالفت کردی - دوسری جانب ہندوستان کے تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے چین کے اس اقدام پر احتجاج کے طور پر چینی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے - ہندوستانی تاجروں کی کنفڈریشن سی اے آئی ٹی نے جو ستر ملین ہندوستانی تاجروں کی نمائندہ تنظیم ہے کہا ہے کہ جیش محمد کے سرغنہ  کا نام بلیک لیسٹ میں ڈالنے پر  چین کی جانب سے مخالفت کئے جانے کے بعد  وہ چینی مصنوعات کا بائیکاٹ کررہی ہے - چین ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شریک ہے اور مارچ دوہزار اٹھارہ تک چین اور ہندوستان کے درمیان تجارتی حجم نوے ارب ڈالر تھا۔