Mar ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں انتخابی ماحول، سیاسی سرگرمیاں تیز

ہندوستان کے عام انتخابات کی تاریخ قریب آنے پر سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور مختلف ریاستوں میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا عمل بھی تیزی کےساتھ جاری ہے

مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں این ڈی اے نے ریاست بہار میں سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دے دی ہے اور اتوار کو پارٹی کی نشستوں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے کہ کون سی جماعت کس حلقے سے الیکشن لڑے گی - بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور جنتا دل یونائیٹڈ سترہ سترہ نشستوں پر الیکشن لڑیں گی جبکہ لوک جن شکتی پارٹی کو الیکشن لڑنے کے لئے چھے حلقے دئے گئے ہیں - دوسری جانب سیاسی اعتبار سے ملک کی سب سے اہم ریاست اترپردیش میں کانگریس پارٹی نے اپنا دل پارٹی کے ساتھ اتحاد کرلیا ہے - اپنا دل پارٹی ابھی تک بی جے پی کے اتحاد میں تھی - کانگریس پارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی نے اپنادل کے لئے گونڈا اور پیلی بھیت کی دو سیٹیں چھوڑ دی ہیں جبکہ کانگریس نے ایک اور بڑا اعلان کرتے ہوئے اترپردیش میں گرینڈ الائنس یعنی بی ایس پی اور ایس پی کے لئے سات سیٹیں چھوڑنے کا اعلان کیا ہے - ادھر ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں کشمیر میں سابق آئی اے ایس افسر شاہ فیصل نے نئی سیاسی جماعت تشکیل دے کر اس کا باضابطہ اعلان کردیا ہے - شاہ فیصل نے اتوار کو سری نگر کے راج باغ میں ایک ریلی میں اپنی سیاسی جماعت کا ا علان کیا ۔ انہوں نے اپنی جماعت کا نام جموں کشمیر پیپلز موومنٹ رکھا ہے - اس درمیان جے این یو کی طلبا تنظیم کی لیڈر شہلا رشید نے بھی اس نئی پارٹی میں اپنی شمولیت کا اعلان کیا - شاہ فیصل نے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے کچھ عرصے قبل آئی اے ایس کے عہدے سے استعفادے دیا تھا -