Apr ۱۳, ۲۰۱۹ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل کی سرگرمیاں

ہندوستان میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد سبھی سیاسی جماعتیں دوسرے مرحلے کے لئے اپنا پورا زور لگا رہی ہیں۔

دوسرے مرحلے کے انتخابات سے قبل انتخابی ریلیوں کا دور جاری ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جنوبی ریاست تمل ناڈو کے رام ناتھ پورم میں انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں دوبارہ آنے کے بعد آبی مسائل کے حل کے لئے ایک نئی وزارت قائم کریں گے۔
انہوں نے رام ناتھ پورم کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یہاں سے ملک کے سابق صدر مرحوم اے پی جے عبدالکلام کا تعلق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرکلام نے ملک کے لئے کئی خواب دیکھے اور ہمارا فرض ہے کہ ان کا خوابوں پورا کریں۔
دوسری جانب ریاست کرناٹک کے علاقے کولار میں انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے موجودہ حکمراں جماعت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومت آنے کی صورت میں نئے مالی سال میں زراعت کے لئے الگ بجٹ پیش کیا جائےگا۔
ادھر اترپردیش میں بنے عظیم اتحاد کے رہنماؤں مایاوتی، اکھلیش یادو اور اجیت سنگھ نے بھی مشترکہ طور پر ایک ریلی کو خطاب کیا اور موجودہ حکومت پر زبردست حملہ کیا۔