Apr ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • جموں و کشمیر میں قیدیوں کی بھوک ہڑتال

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جیلوں میں بند قیدیوں نے جیل حکام کے غیر انسانی رویے کے خلاف بطور احتجاج بھوک ہڑتال کر دی۔

رپورٹ کے مطابق حریت کانفرنس کے بعض رہنماؤں نے جنھیں پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی بنا پر گرفتار کر لیا گیا تھا، جیلروں کے غیر انسانی رویے کے خلاف احتجاج کے طور پر بھوک ہڑتال شروع کر دی۔

جیلوں میں بند ان قیدیوں کو ان کے رشتے داروں تک سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ کشمیری رہنماؤں سید علی شاہ گیلانی، محمد یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام سے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی جس کے بعد کشمیری عوام نے انتخابات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو ووٹنگ ہو رہی ہے ۔ انتحابات کا پہلا مرحلہ گذشتہ جمعرات کو اٹھارہ ریاستوں کی اکیانوے نشستوں پر ووٹنگ کے ساتھ منعقد ہوا تھا۔