Apr ۱۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان، پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ شروع

دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لئے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

ہندوستانی پارلیمنٹ لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 12 ریاستوں میں 95 سیٹوں پر آج صبح سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان پولنگ شروع ہو گئی۔

بیشترحلقوں میں پولنگ صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ہوگی، تاہم کچھ علاقوں میں سیکورٹی کے نقطہ نظر سے ووٹنگ شام چار بجے تک اور پانچ بجے تک ہی ہوسکے گی. اس کے ساتھ ہی اڑیسہ اسمبلی کی 35 سیٹوں پر بھی آج پولنگ شروع ہو گئی۔

شیڈول کے مطابق دوسرے مرحلے میں 13 ریاستوں کی 97 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے جانے تھے۔ لیکن تمل ناڈو کے ویلور میں انکم ٹیکس کے چھاپے میں 11 کروڑ روپے سے زائد کی نقد رقم برآمد ہونے کے بعد پولنگ رد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تری پورہ میں سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر مشرقی تری پورہ سیٹ پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا ہے اور وہاں تیسرے مرحلے میں 23 اپریل کو پولنگ ہوگی۔

دوسرے مرحلے میں 95 سیٹوں پر کل 1596 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ تقریباً 15.5 کروڑ ووٹر ان امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ ووٹنگ کے لئے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ اس مرحلے میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا، بی جے پی لیڈر ہیما مالنی، ڈی ایم کے لیڈر دیاندھی مارن، کانگریس کے راج ببر، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اشوک چوہان اور ڈی ایم کے رہنما کنی موجھی جیسے اہم امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

ٹیگس