Apr ۱۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں انتخابات کشمیر میں ہڑتال

جموں وکشمیر میں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے پیش نظر وادی کشمیر میں جمعرات کو موبائیل انٹرنیٹ خدمات کہیں کلی تو کہیں جزوی طور پر منقطع رکھی گئیں۔

ہندوستان کی کئی ریاستوں اور اسی طرح اس ملک کے زیر انتظام کشمیر کےسرینگر پارلیمانی حلقے کے تین اضلاع سرینگر، بڈگام اور گاندربل میں آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس نشست پر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ انتخابات میں قسمت آزما رہے ہیں ۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پُرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔

جموں وکشمیر میں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے پولنگ والے علاقوں میں دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر تمام کاروباری مراکز، دکانیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں اور سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے کئے ہیں۔

وادی میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بھی ہڑتال کے پیش نظرآج جمعرات کو معطل رکھی گئیں۔ وادی میں 11 اپریل کو پہلے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر بھی ریل خدمات کو معطل رکھا گیا تھا۔ محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ خدمات سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ایک دن کے لئے معطل رکھی گئی ہیں۔

وادی میں سال 2016 میں حزب المجاہدین کے معروف کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر ریل خدمات کو تقریبا 6 مہینوں تک معطل رکھا گیا تھا۔

ٹیگس