Apr ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ

ہندوستان کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔

ہندوستان کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بارہ ریاستوں میں پچانوے پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ بیشتر حلقوں میں پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی جو مقامی وقت کے مطابق شام چھے بجے تک جاری رہے گی جبکہ کچھ حلقوں میں سیکورٹی کے حالات کے پیش نظر ووٹنگ شام چار بجے اور پانچ بجے ہی ختم ہوگئی۔
ہندوستان کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پچانوے سیٹوں کے لئے مجموعی طور پر پندرہ سو چھیانوے امیدوار میدان میں ہیں جبکہ اس مرحلے میں پندرہ کروڑ پانچ لاکھ رائے دہندگان کو حق رائے دہی حاصل ہے۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں جن اہم لیڈروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم مشینوں میں بند ہو جائےگا ان میں سابق وزیراعظم دیوی گوڑا، بی جے پی کی لیڈر اور اداکارہ ہیمامالنی، ڈی ایم کے لیڈر دیاندھی مارن، کانگریس کے لیڈر اور اداکار راج ببر، ریاست جموں کشمیر کے سابق وزیراعلی فاروق عبداللہ اور ریاست مہاراشٹرکے سابق وزیراعلی اشوک چوہان جیسے لیڈران شامل ہیں۔
اس درمیان ریاست مغربی بنگال میں تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ رائے گنج پارلیمانی حلقے میں سی پی آئی ایم کے سینیئر لیڈر محمد سلیم کے قافلے پر پتھر پھینکے گئے۔ جبکہ ڈارجلنگ پارلیمانی حلقے میں بھی انتخابی تشدد کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ آسام، اڑیسہ اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر ای وی ایم مشینوں میں خرابی کی بھی شکایتیں سامنے آئی ہیں۔