Apr ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیر خارجہ کے بیان پر پاکستان کا رد عمل

بالاکوٹ پر سشما سوراج کے دیئے گئے بیان پر پاکستان نے کہا کہ آخر کار سچائی سامنے آگئی۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بالاکوٹ پر دیئے گئے بیان کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان نے اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آخر کار سچائی سامنے آگئی۔ سشما سوراج نے جمعرات کو کہا تھا کہ فروری کے مہینےمیں پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فضائیہ کے ذریعے کئے گئے حملے میں کسی بھی پاکستانی فوجی یا شہری کی موت نہیں ہوئی۔

سشما سوراج کے اس بیان پر پاکستانی فوج کے ترجمان آصف غفور نے کہا کہ آخر کار سچائی سامنے آگئی۔ امید ہے کہ سرجیکل اسٹرائک 2016، پاکستان کے دو طیاروں کو گرانے اور ایف ۔16 کے بارے میں بھی یہی ہوگا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پارٹی کی خاتون کارکنوں کو خطاب کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہاتھا کہ پلوامہ حملے کے بعد فوج کو آپریشن کیلئے فری ہینڈ دیا گیا تھا  تاہم فوج کو کہا تھا کہ صرف جیش محمد کے دہشت گرد کیمپوں کو نشانہ بنائے جس نے پلوامہ حملے کی ذمہ داری لی تھی۔ اس سے قبل ہندوستان کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ حملے میں کئی دہشت گرد اور پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے۔

ٹیگس