Apr ۱۹, ۲۰۱۹ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں سیاسی جماعتوں کی دوڑ دھوپ

ہندوستان کے عام انتخابات کے دو مرحلے مکمل ہوگئے اور انتخابی سرگرمیاں تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے جنوبی ریاست کیرالا میں انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ رسم و رواج کو آئینی تحفظ فراہم کریں گے۔ انہوں نے جنوبی ریاست میں کیرالا میں کہا کہ تیئیس مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد وہ رسم و رواج کے تحفظ کو یقینی بنانے کی لڑائی پارلیمنٹ میں لڑیں گے۔
دوسری جانب کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے جنوبی شہر رائچور میں وزیرا‏عظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جھوٹ بول کر معاشی سلامتی کونظر انداز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی قومی سلامتی کے معاملات پر بھی غلط بیانی سے کام لیتے ہیں۔
ادھر ممبئی دہشت گردانہ حملے کے دوران دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے اے ٹی ایس کے سربراہ ہیمنت کرکرے کے بارے میں بھوپال سے بی جے پی کی امیدوار سادھوی کے بیان پر سیاسی ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے۔
دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے اے ٹی ایس کے سربراہ کو سادھوی نے ملک کا غدار بتادیا ہے۔ اس بیان پر سبھی جماعتوں نے بی جے پی پر حملہ بول دیا ہے۔ تاہم بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ سادھوی کا اپنا ذاتی بیان ہے۔ پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔