May ۰۵, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۶ Asia/Tehran
  • اروند کیجروال بھی تھپڑ کھانے والوں کی فہرست میں شامل

ہندوستان کے دارالحکومت میں جلوس کے دوران ایک شخص نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال موتی نگر میں برجیش گویل کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلوس کی قیادت کررہے تھے کہ ایک شخص تمام سیکیورٹی حدود کو پار کرتے ہوئے گاڑی کے نزدیک پہنچ گیا اور وزیراعلیٰ کوتھپڑ رسید دیا۔

عام آدمی پارٹی کے ورکز نے تھپڑ مارنے والے شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس کی شناخت 33 سالہ سریش کے نام سے ہوئی ہے جو اسپیئر پارٹس کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے تاہم تھپڑ رسید کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔

ادھر دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے عام آدمی پارٹی (آپ) کے لیڈراور وزیر اعلی اروند کیجریوال کو تھپڑ مارنےکے واقعہ کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ کو نشانہ بنایا ۔

مسٹر سسودیا نے ٹوئٹر پر لکھا کہ پانچ سال ساری طاقت لگا کر جس کا حوصلہ نہیں توڑ سکے، انتخابات میں شکست نہیں دے سکے، اب اسے راستے سے اس طرح ہٹانا چاہتے ہو۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں جب اروند کیجروال کو تھپڑ رسید کیا گیا ہو اس سے قبل نومبر 2018 میں ان پر مرچیں پھینکی گئی تھیں، 2016 میں ایک شخص نے جوتا اچھالا تھا اور ایک خاتون نے سیاہی بھی پھینکی تھی ۔

ٹیگس