May ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۲:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں لوک سبھا کے آخری مرحلے کی انتخابی مہم

ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کی انتخابی مہم زوروں پرہے سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر کڑی نکتہ چینی کر رہی ہیں۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے گروداس پور لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار سنیل جاکھڑ کی حمایت میں روڈ شو کے دوران بی جے پی کے رہنما اوراس ملک کے وزیراعظم نریندرمودی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انھیں جعلی قوم پرستی کا دعوی کرنے والا اداکار قراردیا اور لوگوں سے پوچھا کہ انہیں شہیدوں پر سیاست کرنے والا وزیراعظم چاہیئے یا ملک کے لئے جان دینے والے وزیر اعظم کا بیٹا (راہل گاندھی)؟

پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم سب سے بڑے اداکار ہیں جنہوں نے پانچ سال تک صرف جھوٹے وعدوں کے سہارے صرف پرچار ہی کیا ہے اور شہیدوں اور سابق فوجیوں کو بھی نہیں بخشا۔

ادھر بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صدر امت شاہ کے روڈ شو میں تشدد کے لئے وہاں کی ممتا بنرجی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس معاملہ میں الیکشن کمیشن اور صدر رام ناتھ کووند سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔

پیوش گوئل نے وارانسی میں بی جے پی کے پروانچل میڈیا سینٹر میں منگل کی شب صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تشددکا واقعہ بتاتا ہے کہ ریاست کی ترنمول کانگریس حکومت میں آئینی ڈھانچہ منہدم ہو چکا ہے اور وہاں کی حکومت سماج دشمن عناصر کے ساتھ کھڑی ہے۔

بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ 23 مئی کو جب انتخابات کے نتائج کا اعلان ہو گا تب مغربی بنگال میں تشدد کا جواب بی جے پی کی جیت کی شکل میں سامنے آئے گا۔

واضح رہے کہ سترہویں لوک سبھا کےلیے کل سات مرحلوں میں پولنگ ہونی ہے ۔ابھی تک چھ مراحل کی پولنگ ہوچکی ہے اور ساتویں اور آخری مرحلہ کی پولنگ 19مئی کوہوگی ۔انتخابی نتائج کا اعلان 23مئی کو ہوگا ۔

 

ٹیگس