May ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ووٹوں کی گنتی جاری بی جے پی سب سے آگے

ہندوستان میں پارلیمانی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اوراب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی اور اس کے اتحادی سب سے آگے ہیں۔

ہندوستان میں 543 نشستوں پر مشتمل لوک سبھا (ایوان زیریں ) کے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اوراب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی 291 نشستوں پر آگے ہے جب کہ کانگریس صرف 51 نشستوں پر آگے ہے جبکہ ترنمول کانگریس 25، وائی ایس آر کانگریس 24 اور دراوڑ مننترکژگم (ڈی ایم کے) 22 نشستوں پر آگے ہے ۔ بی جے پی کے اتحادی شیو سینا 19 سیٹوں میں آگے ہے، جنتا دل متحدہ 16 پر آگے ہے اور لوک جن شکتی پارٹی 6 نشستوں پر آگے ہے۔

اتر پردیش میں مہاگٹھبندھن میں شامل بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) 12 پر اور سماجوی پارٹی، آٹھ سیٹوں پرآگے ہے ۔ بی جے پی 57 نشستوں پر آگے ہے اور اس کی پارٹی اور اپنا دل ایک سیٹ پر آگے ہے۔ کانگریس کے صدر راہل گاندھی امیٹھی میں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی سے پیچھے ہیں ۔

آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس تیلگودیشم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس کے امیدوار 24 نشستوں پر سبقت قائم رکھے ہوئے ہیں جبکہ ٹی ڈی پی صرف وجے واڑہ میں آگے ہے۔ تلنگانہ میں، تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) 9، بی جے پی 4، کانگریس 3 اور مجلس اتحادالمسلمین ایک سیٹ پر آگے ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پانچ نشستوں میں سے تین پر نیشنل کانفرنس، بی جے پی دو اور آزاد امیدوار ایک سیٹ پر آگے ہے۔

ایگزٹ پول  کے جائزوں کے مطابق اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ اس مرتبہ بھی بی جے پی ہی حکومت بنائے گی اور نریندرا مودی وزیراعظم ہوں گے تاہم ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش اور مغربی بنگال کے نتائج پانسا بھی پلٹ سکتے ہیں اور علاقائی جماعتیں بادشاہ گر کا کردار ادا کرسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوئے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے۔

 

ٹیگس