Jun ۲۹, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • کشمیرمیں صدر راج کی مدت بڑھانا صورت حال سے گمراہ کرنے کی کوشش ہے: کانگریس

کانگریس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر کشمیر میں حالات معمول ہیں تو حکومت نے وہاں صدر راج کی مدت کیوں بڑھائی ہے۔

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں صدر راج کی مدت بڑھانے کو بدقسمتی اور حقیقی صورت حال سے گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے الزام  عائد کیا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے اس معاملے پر اپوزیشن کے بنیادی سوالات کا جواب نہیں دیا ہے۔

کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر جموں و کشمیر میں حالات معمول ہیں تو حکومت نے وہاں صدر راج کی مدت کیوں بڑھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہاں کے عوام کی حالت کیا ہے اس کا اندازہ اسی سے لگایا جا سکتا ہے کہ ریاست میں 2014 کے اسمبلی انتخابات میں 64 فیصد ووٹروں نے انتخابات میں حصہ لیا تھا، لیکن اب ووٹنگ محض پانچ سات فیصد ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کل ہندوستان کے ایوان زیریں لوک سبھانے جموں وکشمیر میں صدر راج کی مدت چھ ماہ مزید بڑھانے اور جموں وکشمیر ریزرویشن (ترمیمی) بل 2019 کو بھاری اکثریت سے پاس کیا۔ اس موقع پرمرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کو برخواست کیا جاچکا ہے اور الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ روان سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے، لہٰذا یہ ضروری بنتا ہے کہ ریاست میں صدر راج کے نفاذ میں 3جولائی سے 6 ماہ کی توسیع کی جائے۔

ٹیگس