Jul ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • برہان وانی کی تیسری برسی پر کشمیر میں عام ہڑتال

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں آج برہان وانی کی تیسری برسی کے موقع پرعام ہڑتال ہے۔

کشمیر کی حریت کانفرنس اور مزاحمتی گروہوں کی جانب سے برہان وانی کی تیسری برسی کے موقع پرآج عام ہڑتال کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر تمام تجارتی اور کاروباری مراکز، دکانیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں اورسڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

جنوبی کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات پیر کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں جبکہ وادی کے دیگر حصوں میں تیز رفتار والی فورجی اور تھری جی موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع رکھی گئیں۔

اس کے علاوہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بھی معطل رکھی گئیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وادی میں موبائل انٹرنیٹ اور ریل خدمات حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی تیسری برسی کے پیش نظر احتیاط کے طور پر معطل رکھی گئیں۔

سابق حزب کمانڈر برہان وانی کی تیسری برسی سے ایک روز قبل ہی ترال میں مزار شہداء کو فورسز نے سیل کر کے علاقے میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کیا ۔ اور فوج پہلے ہی الرٹ ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ 8 جولائی 2016 کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی ہندوستان کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوا تھا جس کے بعد وادی  کے حالات انتہائی کشیدہ ہوئے۔

ٹیگس