Jul ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی پارلیمنٹ میں کانگریس پارٹی کا ہنگامہ

ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک کے سیاسی بحران کے سلسلے میں کانگریس پارٹی کے اراکین نے بدھ کو پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ کیا اور بی جے پی پر ممبران اسمبلی کو خریدنے کا الزام عائد کیا-

کانگریس کے اراکین نے ایوان بالا راجیہ سبھا میں غیر معمولی ہنگامہ کیا اور گھنٹوں تک مسلسل نعرے بازی کی جس کے نتیجے میں ایوان کی کارروائی تین بار ملتوی کرنے کے بعد جمعرات تک کے لئے ملتوی کر دی گئی- وقفہ صفر اور وقفہ سوالات اور لنچ کے بعد جب کارروائی پھر سے شروع ہوئی تو کانگریس کے بیس اراکین، چیئرمین کی نشست کے پاس آگئے اور مسلسل سوا گھنٹے سے زیادہ تک نعرے لگاتے رہے اور یوں کارروائی کو جمعرات تک ملتوی کرنا پڑا-

ادھر لوک سبھا میں بھی کرناٹک کا سیاسی بحران حاوی رہا جبکہ وزیر خزانہ نے بجٹ پر بحث کا جواب دینے کے لئے جب خود کو ٹیچر کہہ دیا تو اپوزیشن کے ارکان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا-

کرناٹک میں کانگریس اور جے ڈی ایس کے پندرہ سے زائد ممبران اسمبلی نے استعفا دے دیا ہے جس کی وجہ سے کانگریس اور جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے-

کانگریس نے صورتحال کا ذمہ دار بی جے پی کو قرار دیا ہے۔

ٹیگس