Jul ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ریاست کرناٹک کی سیاسی صورت حال

ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں کانگریسی لیڈران، اسمبلی کی رکنیت سے استعفا دینے والے اہم باغی اراکین کو منانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کرناٹک میں باغی اراکین اسمبلی کو منانے کے لئے ایک طرف جہاں حکمراں کانگریس - جنتا دل ایس اتحاد کے لیڈر ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، وہیں حزب اختلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر بھی حکومت کو گرانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر سدھا رمیا، آبی وسائل کے وزیر ڈی، کے، شیو کمار اور کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر دنیش گنڈو راؤ، پارٹی کے باغی رکن اسمبلی اور وزیر ایم ٹی بی ناگراج کو منانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ناگراج نے پارٹی میں رہنے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈروں کی نگاہیں اب دو دیگر اہم باغی رکن اسمبلی رام لِنگا ریڈی اور کے، سدھاکر، پر ٹکی ہوئی ہیں۔
کانگریس کے لیڈر اب ان دونوں اراکین اسمبلی سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ واضح ر ہے کہ مسٹر ناگراج، مسٹر ریڈی اور مسٹر سدھاکر اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینے والے تیرہ اراکین اسمبلی میں شامل ہیں۔ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینے والوں میں کانگریس کے دس اور جنتا دل ایس کے تین اراکین اسمبلی شامل ہیں۔