Jul ۱۵, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے مون مشن چندریان 2 کی روانگی مؤخر

ہندوستان کے چاند پر بھیجے جانے والے مشن چندریان ٹو کی روانگی مؤخر کردی گئی۔

مون مشن کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے روانگی کے وقت سے 56 منٹ پہلے مؤخر کیا گیا۔ رات 2 بج کر 51 منٹ سے کچھ منٹ پہلے چندریان- 2 مشن جس کو آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چھوڑا جانے والا تھا، ہندوستانی خلائی جانچ تنظیم (اسرو) نے ملتوی کردیا۔ اسرو نے اپنے مشن کنٹرول سے اعلان کیا کہ ملک کے دوسرے چاند کے مشن کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ اس خبر نے وہاں میڈیا گیلری میں موجود صحافیوں میں ہلچل مچادی۔ اس میڈیا گیلری میں نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی صحافی بھی موجود تھے تاکہ اس ہائی پروفائل لانچ کا کوریج کیا جاسکے۔

اسرو نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ خلائی گاڑی میں تکنیکی خرابی محسوس کی گئی احتیاطی اقدام کے طورپر اس کوملتوی کردیا گیا اور اگلی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ چند منٹ بعد ہی اسرو کے ترجمان نے یہ اعلان کیا کہ الٹی گنتی کے موقع پر یہ تکنیکی خرابی محسوس کی گئی اور احتیاطی اقدام کے طورپر اس کی لانچنگ کو ملتوی کردیا گیا۔

اس مشن کے التوا سے اسرو کو دھچکا لگا ہے کیونکہ ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند بھی اس کی لانچنگ کا مشاہدہ کرنے کے لئے سری ہری کوٹہ میں موجود تھے تاہم اسرو نے اس ایک ہزار کروڑ روپے والے مشن کے سلسلہ میں کوئی بھی رسک لینا مناسب نہیں سمجھا۔ تاہم ذرائع کے مطابق سائیکرو جینک فیول کو لوڈ کرنے کے دوران تکنیکی خرابی محسوس کی گئی۔ اس راکٹ کے ایندھن کو پہلے نکالا جائے گا اور اس کے بعد ازاں جانچ کی جائے گی۔اسرو کے ذرائع کے مطابق اس عمل کے لئے دس دن درکار ہوں گے جس کے بعد ہی اس کو چھوڑنے کی نئی تاریخ کے بارے میں فیصلہ کیاجائے گا۔

چندریان ٹو کی روانگی سے روس، امریکا اور چین کے بعد ہندوستان چاند پر مشن بھیجنے والا چوتھا ملک بن جاتا۔

ٹیگس