Jul ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کا چندریان ٹو مشن ملتوی

ہندوستان کا چندریان ٹو مون مشن تکنیکی خرابی کی وجہ سے ملتوی ہوگیا ۔

ہندوستان کا چندریان ٹو سنیچر اور اتوار کی درمیان رات دو بجکر اکیاون منٹ پر آندھرا پردیش کے سری ہر کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چھوڑا جانے والا تھا لیکن چند ہی منٹ قبل اسرو نے اپنے مشن کنٹرول سے اعلان کیا کہ ملک کے دوسرے مون مشن کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ جس وقت یہ اعلان کیا گیا، اس وقت میڈیا گیلری میں ملکی اور غیر ملکی اخباری نمائندے موجود تھے۔ اسرو نے اعلان کیا ہے کہ خلائی گاڑی میں تکنیکی خرابی کا مشاہدہ کئے جانے کے بعد احتیاط کے طور پر اس مشن کو ملتوی کیا گیا ہے ۔ اسر و کے ترجمان نے بتایا کہ چندریان ٹو کو روانہ کرنے کے لئے الٹی گنتی شروع ہونے کے موقع پر ہی اس خرابی کا احساس کیا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ اس مشن کی اگلی تاریخ کا جلد ہی اعلان کردیا جائے گا ۔ چندریان ٹو کی روانگی کا مشاہدہ کرنے کے لئے ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند بھی سری ہری کوٹہ میں موجود تھے ۔