Jul ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۵:۵۶ Asia/Tehran
  • ممبئی ہندوستان میں عمارت گری، متعدد افراد کی ہلاکت

ہندوستان کے شہر ممبئی کے ڈونگری علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت کے گر جانے سے چالیس سے زائد افراد ملبے کے نیچے دب گئے جبکہ دو افراد کی اب تک موت واقع ہو چکی ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ممبئی کے جنوبی علاقے ڈونگری میں سو سالہ پرانی چار منزلہ عمارت قیصربائی، منگل کی دوپہر گر گئی جس کے ملبے میں چالیس سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے-

پولیس حکام کہنا ہے کہ اب تک آٹھ افراد کو زندہ ملبے کے نیچے سے نکالا جا چکا ہے جبکہ دو افراد کی موت واقع ہو چکی ہے- جائے حادثہ پر ممبئی پولیس، فائربریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے-

تنگ گلیوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں دشواری پیش آرہی ہے- زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لئے گرین کوریڈور بنایا گیا ہے جبکہ مقامی لوگ بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ مذکورہ عمارت معروف صوفی حضرت عبدالرحمن شاہ بابا کے مزار کے قریب واقع ہے- اس عمارت میں پندرہ سے سولہ خاندان مقیم تھے۔