Jul ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۸:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی لوک سبھا میں حق اطلاعات ترمیمی بل پیش

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے جمعے کو حق اطلاعات ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیا۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق ہندوستان کی مرکزی حکومت نے قانون حق اطلاعات میں ترمیم کا بل، ایسی حالت میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں پیش کیا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اس قانون میں ترمیم کے خلاف ہیں۔
اس بل میں حکومت کو، مرکزی انفارمیشن کمیشن اور ریاستی انفارمیشن کمیشنوں کے لئے قانون بنانے کا حق دیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے بل پیش کئے جانے کے بعد کانگریس اور ترنمول پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے اس ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انفارمیشن کمیشن کی خود مختاری ختم ہو جائے گی۔ مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اسد الدین اویسی کے مطالبے پر بل پیش کرنے کے لئے ایوان میں ووٹنگ کرائی گئی اور نو کے مقابلے میں دو سو چوبیس ووٹوں سے بل پیش کئے جانے کو منظوری مل گئی۔ کانگریس، ترنمول کانگریس، بہوجن سماج پارٹی، ڈی ایم کے، اے آئی ڈی ایم کے اور عام آدمی پارٹی کے اراکین نے ووٹنگ کے وقت ایوان سے واک آوٹ کیا۔