Jul ۱۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۵۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں پریانکا گاندھی کی گرفتاری

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کی پولیس نے کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری اور راہل گاندھی کی بہن پریانکا گاندھی کو گرفتار کر لیا۔

پریانکا گاندھی ریاست اترپردیش کے علاقے سون بھدر جا رہی تھیں جہاں بدھ کو زمین خالی کرنے سے انکار کرنے پر گاؤں کے پردھان نے فائرنگ کر کے دس افراد کو ہلا ک کر دیا گیا تھا ۔ فائرنگ کے اس واقعے میں تین خواتین سمیت دس افراد ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہو گئے تھے۔
پریانکا گاندھی اس فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ملنے اور انہیں تعزیت پیش کرنے جارہی تھیں۔ اپنی گرفتاری کے بعد انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں بتایا جائے کہ انہیں سون بھدر فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ملنے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔
سون بھدر روانہ ہونے سے پہلے انھوں نے کہا تھا کہ وہ حکم امتناعی کی خلاف ورزی نہیں کریں گی لیکن فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ملنے کے لئے ضرور جائیں گی۔ انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ صرف تین افراد کے ساتھ سون بھدر جائیں گی تاکہ دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی نہ ہو۔
کانگریس پارٹی کے مستعفی صدر اور پریانکا گاندھی کے بھائی راہل گاندھی نے ان کی گرفتاری کو افسوسناک قرار دیا ہے۔