Jul ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • نریندر مودی حکومت پر سونیا گاندھی کی تنقید

ہندوستان میں یو پی اے کی لیڈر سونیا گاندھی نے حق اطلاعات ترمیمی بل پر سخت تنقید کی ہے۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی نے منگل کو ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ بھارتیہ حنتا پارٹی کی حکوت پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت سے ناجائز فائدہ اٹھا کر عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کرنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے دو ہزار پانچ میں حق اطلاعات قانون پاس کر کے انفارمیشن کمیشن کو خودمختار بنایا تھا لیکن بی جے پی کی حکومت اس کے اختیارات کم کرنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قانون حق اطلاعات مشاورت کے بعد منظور کیا گیا تھا۔ سونیا گاندھی کا کہنا تھا کہ اس قانون سے ہر سطح پر انتظامیہ کی جواب دہی میں شفافیت کے نئے کلچر کو فروغ ملا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اب تک پانچ لاکھ سے زائد لوگ قانون حق اطلاعات استعمال کر چکے ہیں اور اس سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی حکومت ترمیمی بل کے ذریعے ملک کے عوام کو حق اطلاعات سے محروم کر کے من مانی کرنا چاہتی ہے۔