Aug ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۷:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بارش اورسیلاب سے 220 افراد ہلاک و زخمی

ہندوستان کی ریاست کیرالہ میں موسلا دھار بارشوں نے سیلابی ریلے کی صورت اختیار کرلی، مٹی کے تودے، درختوں اور ہورڈنگز کے گرنے اور مختلف واقعات میں 22 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ کیرالا میں لینڈ سلائیڈنگ کے اتنے واقعات 20 سال کے دوران نہیں دیکھے گئے، بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

ریاست کیرالہ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے، تعلیمی ادارے بند ہیں، بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہے، ایئرپورٹ کی تمام پروازیں اگلے حکم تک معطل کردی گئی ہیں جب کہ ٹرین سروس بھی معطل ہیں۔

ریسکیو اداروں نے 22 ہزار سے زائد متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے، 315 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہیں، اب بھی ہزاروں لوگ بارش کے پانیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے اور مچھیروں کو سمندر سے واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔

 

ٹیگس