Dec ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کا مرکزی حکومت پر پورے ملک میں خوف کا ماحول پیدا کردینے کا الزام

ہندوستان کے سینیئر کانگریسی رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے مرکزی حکومت پر پورے ملک میں خوف کا ماحول پیدا کردینے کا الزام لگایا ہے۔

ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق مسٹر پی چدمبرم نے جمعرات کو دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سےگفتگو میں کہا کہ پورے ہندوستانی سماج میں خوف کا ماحول ہے ۔ ان کا کہنا تھا اس ماحول سے ہندوستانی میڈیا بھی مستثنی نہیں ہے۔ مسٹر پی چدمبرم دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک سو چھے دن کی قید کے بعد رہائی ملنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ہندوستان کے سینیئر کانگریسی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مسٹر پی چدمبرم نے کہا کہ ملک میں خوف و ہراس کا ایسا ماحول پایا جاتا ہے کہ ابھی حال میں ایک معروف صنعتکار نے بھی اس کا عوامی سطح پر ذکر کیا ہے۔ ان کا اشارہ ہندوستان کے معروف صنعتکار بجاج کے اس بیان کی طرف تھا جو انہوں نے ایک جلسے میں ہندوستان کے وزیر داخلہ امت شاہ کی موجود گی میں دیا تھا ۔ مسٹر بجاج نے اس بیان میں کہا تھا ملک میں خوف کا ماحول خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے سابق وزیر خزانہ مسٹر پی چدمبرم آئی این ایکس میڈیا میں منی لانڈرنگ سے منسلک آئی ڈی کے قائم کردہ کیس میں ایک سو چھے دن تہاڑ جیل میں گزارنے کے بعد، سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے پر بدھ کی رات آٹھ بجے جیل سے باہر آئے ۔ جیل سے رہائی کے بعد انھوں نے مرکزی حکومت پر سخت ترین تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے پچھتر لاکھ لوگوں کو بینادی حقوق سے محروم کردیا گیا اور حتی ہند نواز رہنماؤں کو بھی جیلوں میں بند کردیا گیا ہے۔