Dec ۱۲, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج حالات کشیدہ، فوج تعینات

ہندوستان میں شہریت کے ترمیمی قانونی بل( Citizenship Amendment Bill) کے خلاف شمال مشرقی ہندوستان میں ہنگامے پھوٹ پڑے، اس حوالے سے سول انتظامیہ نے احتجاج کو کچلنے کے لیے فوج طلب کرلی ہے۔

ہندوستان کے مختلف شہروں میں شہریت ترمیمی بل کی منظوری کے خلاف زبردست احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے طلبہ پر آنسو گیس کے گولے داغے، طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے بعد حالات قابو سے باہر ہو گئے اور انتظامیہ نے آسام اور تری پورہ میں فوج تعینات کردی۔

طلبہ نے جی ایس روڈ پر بیریکیڈنگ کو توڑ دیا جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کی ۔ طلبہ پر آنسو گیس کے گولے بھی داغے گئے جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے جبکہ پتھراؤ میں ایک صحافی بھی زخمی ہوا ۔

مظاہروں اور ہنگاموں کے باعث گوہاٹی یونیورسٹی، کاٹن یونیورسٹی اور دبروگڑھ یونیورسٹی میں بدھ کو شیڈول امتحانات ملتوی کردیئے گئے تھے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سی اے بی واپس نہیں لیا جاتا ہے تب تک ہم کسی دباو میں نہیں آئیں گے ۔

آسام میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر شمال مشرقی ریلوے نے بدھ کو کئی ٹرینوں کو روک دیا اور کچھ کو ری شیڈیول کیا گیا جبکہ آسام  کے دس اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بدھ کی شام سات بجے سے چوبیس گھنٹے کے لیے معطل کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بی جے پی حکومت کی جانب سے شہریت کے ترمیمی قانونی بل لانے کا مقصد ان غیرقانونی و غیر مسلم پناہ گزینوں کو ہندوستانی شہریت دینا ہے جو کہ پڑوسی ملکوں پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے 31 دسمبر 2014 تک ہندوستان آئے ہیں۔

ٹیگس