Dec ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف آسام اور تریپورہ میں پرتشدد مظاہروں میں شدت

ہندوستان میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف ملک کی شمال مشرقی ریاستوں آسام اور تریپورہ میں پرتشدد مظاہروں میں شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے اور اب تک تین افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ہیں

ہندوستانی میڈیا کے مطابق شمال مشرقی ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں شدت آتی جا رہی ہے اور آسام میں سیکورٹی فورس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں اب تک تین افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ گوہاٹی میڈیکل کالج کے اسپتال کے ایم ڈی نے کہا ہے کہ سبھی ہلاک شدگان کے جسم میں گولیاں لگی ہیں - خبروں میں بتایا گیا ہے کہ صورتحال تیزی کے ساتھ بگڑتی جا رہی ہے اور شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میں بہت بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر اتر رہے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں - ریاست آسام میں بری طرح آگ میں سلگ رہی ہے اور اس کے دس اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو منقطع رکھنے کی میعاد مزید بڑھا دی گئی ہے مختلف علاقوں میں کرفیو بھی لگا دیا گیا ہے - ادھر پاس کی ریاست تریپورہ میں بھی لوگ جوق در جوق شہریت ترمیمی بل کے خلاف سڑکوں پر اتر آئے ہیں اور مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہرے ہو ر ہے ہیں۔ دونوں ہی ریاستوں میں حالات پر قابو پانے کے لئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے آسام کے مختلف علاقوں میں فوجی دستوں نے فلیگ مارچ بھی کیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف مشتعل مظاہرین نے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر بھی حملے کئے ۔

ٹیگس