Dec ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • اجودھیا کے معاملے میں نو نومبر کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی سبھی درخواستیں خارج

سپریم کورٹ آف انڈیا نے اجودھیا کے معاملے میں نو نومبر کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی سبھی درخواستوں کو خارج کردیا ہے

ہندوستانی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی نے خبردی ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے جمعرات کو اجودھیا تنازعے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی سبھی اٹھارہ درخواستوں کو مسترد کردیا ہے - ان سبھی عذرداریوں پر بینچ نے چیف جسٹس کی سربراہی میں چیمبر میں غور و خوض کیا - سپریم کورٹ کی ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے چیمبر میں کل اٹھارہ عذر داریوں پر غور و خوض کیا گیا اور پھر سبھی کو مسترد کردیا گیا - سپریم کورٹ کے نو نومبر کے فیصلے میں متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کرنے اور مسلم فریق کو اجودھیا میں دوسرے مقام پر مسجد بنانے کے لئے پانچ ایکڑ زمین مہیا کرانے کا حکومت کو حکم دیا تھا -