Dec ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  •  ہندوستان بھرمیں شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہرے جاری

ہندوستان میں شہریت ترمیمی بل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری ملنے کے باوجود بل کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ہندوستانی ذرائع ابلاغ سے حاصل ہونے والی رپورٹوں کے مطابق شہریت ترمیمی بل کے خلاف ہندوستان کی شمال مشرقی ریاستوں سے شروع ہونے پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ اب دیگر ریاستوں میں بھی پھیل گیا ہے۔

شمال مشرقی ریاستوں میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے باعث ہندوستانی وزیرداخلہ امت شاہ کو اپنا شیلانگ دورہ منسوخ کرنا پڑ گیا ہے۔

امت شاہ کو سیکورٹی کی صورت حال خاص طور سے آسام کی صورت حال کے پیش نظر اپنا دورہ منسوخ کرنا پڑا ہے ۔

درایں اثنا ہندوستان کی ریاست اترپردیش اور بہار سے بھی شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میں مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں ۔اطلاعات کے مطابق یوپی اور بہار کے مختلف شہروں کے عوام نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے اور اس بل کی مخالفت میں نعرے لگائے۔

دوسری جانب ہندوستان کی مرکزی حکومت نے بعض ریاستوں کی جانب سے شہریت ترمیمی بل کو نافذ کرنے سے انکار کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ ریاستی حکومتوں کو اس بل کو نافذ کرنے سے انکار کا حق نہیں ہے۔

مرکزی حکومت کا یہ بیان ایسی حالت میں آیا ہے کہ جب مغربی بنگال ، پنجاب ، مدھیہ پردیش ، پنجاب ، کیرل اور چھتیس گڑہ کے وزرائے اعلی نے اعلان کیا کہ اس بل سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اسے نافذ نہیں کریں گے۔

ٹیگس