Jan ۲۴, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیر میں سکیورٹی سخت

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں کل جمعرات کو 71 ویں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس پریڈ کا راج پتھ پرانعقاد کیا گیا یہ پریڈ صبح وجے چوک سے 9 بجکر 50 منٹ پر شروع ہوئی اور لال قلعہ پر جاکر ختم ہوئی۔

ہندوستان کے زیرانتظام جموں وکشمیر اور لداخ میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جہاں جموں اور لیہہ میں ہونے والی سب سے بڑی تقریبات میں پہلی مرتبہ لیفٹیننٹ گورنرز گریش چندرا مرمو اور رادھا کرشنا ماتھر پرچم کشائی کی رسم انجام دیں گے۔

جموں وکشمیر بالخصوص وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے جبکہ ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر فوجی اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

جموں کشمیر حکومت نے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں سرکاری ملازمین کی شرکت کو لازمی و ضروری قرار دیا ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں باقاعدہ حکم نامے جاری کئے ہیں جن میں حکم عدولی کرنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لانے کا انتباہ دیا گیا ہے۔

ادھر مبصرین کا متذکرہ حکم ناموں کے بارے میں کہنا ہے کہ جموں کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں یوم جمہوریہ یا یوم آزادی کی تقریبات میں عام لوگوں کی طرف سے شرکت کرنے سے بائیکاٹ کرنا حکومت کی طرف سے اس نوعیت کے حکم نامے جاری ہونے کی بنیادی اور اصلی وجہ ہے۔

ٹیگس