Feb ۰۵, ۲۰۲۰ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • مودی حکومت کی پالیسیوں سے پورا ملک شاہین باغ بن جائے گا: غلام نبی آزاد

قومی شہریت (ترمیمی) قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستان کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد نے مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے شاہین باغ بنا ہے اور اگر یہی حال رہا تو پھر پورا ملک شاہین باغ بن جائے گا ۔

غلام نبی آزاد نے صدر کے خطاب پرشکریہ کی تحریک میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہونے کی وجہ سےعوام کی توجہ ہٹانے کے لئے قومی شہریت (ترمیمی) قانون (سی اے اے) لیکر آئی اور جموں کشمیر کی ترقی کے بارے میں جھوٹ بول کر وہاں سے 370 کو ہٹایا اور وہاں کی پوری معیشت برباد کردی اوروہاں کے رہنماؤں کو بھی نظربند کیا۔

دوسری جانب قومی شہریت (ترمیمی) قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شاہین باغ میں جاری مظاہرے میں خاتون مظاہرین نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان پر کہ ’’یہ محض اتفاق نہیں بلکہ تجربہ ہے‘‘، سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیراعظم تجربہ کرنے میں ماہر ہیں اور وہ 2002 میں گجرات میں بھی تجربہ کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو ہماری پریشانی، ہمارے بچوں کا مستقبل، ہماری بے چینی اور قانون کے تئیں ہمارا اضطراب نظر نہیں آرہا ہے انہیں صرف ہندو مسلم کرکے ووٹوں کی صف بندی نظرآرہی ہے۔

ٹیگس