Feb ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۳:۰۲ Asia/Tehran
  • دہلی میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری جاں بحق افراد کی تعداد 38 ہوگئی

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 10-10 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق مشرقی دہلی میں تشدد پسندانہ واقعات میں 34  افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی ہے۔

اسپتالوں کے ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق اب تک 38 افرادکی موت ہو چکی ہے جبکہ كئی زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔

دہلی پولیس کے خصوصی کمشنر ایس این شریواستو نے تشدد سے متاثر چاند باغ اور کھجوری خاص علاقے کا دورہ کیا ۔

ادھربھوپال میں لوک تانترک ادھیکار منچ کے بینر تلے سماجی تنظیموں نے بھوپال کے رنگ محل سے گورنر ہاؤس کی جانب ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین نےصدر جمہوریہ ہند کے نام کا میمورنڈم ضلع انتظامیہ کے افسر ایس ڈی ایم کو پیش کیا۔

احتجاجی مظاہرین نے دہلی تشدد پرجہاں پولیس کےکردار کی مذمت کی وہیں انہوں نے لوگوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ مل کر اپنے مسائل کو حل کرنے پر تاکید کی۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے آج جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو دس دس لاکھ روپے اور شدید طور پر زخمیوں کو دو دولاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ اروند کیجریوال نے معذور ہونے والوں کو پانچ لاکھ، جن کا گھر جلا انہیں پانچ لاکھ اور جاں بحق ہونے والے نابالغ کے اہل خانہ کو پانچ - پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ دہلی میں ہوئے تشدد نے ہندوستان کے شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ملک کا دل کہے جانے والے شہر دہلی میں شرپسند عناصر نے جس طرح سے انسانیت کو شرمسار کرنےکا کام کیا اس کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

 

ٹیگس