Mar ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • لوک سبھا کے سات کانگریسی اراکین کی معطلی ختم ہوئی

ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیر یں لوک سبھا کے اسپیکر نے سات کانگریسی اراکین کی معطلی ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے ساتھ ان کے کیبن میں ایک بین الجماعتی میٹنگ ہوئی۔
اس بین الجماعتی میٹنگ میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے ایوان کو خوشگوار طریقے سے چلانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مارچ میں معطل کئے گئے سات اراکین کی معطلی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس میٹنگ کے بعد ایوان کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ارجن رام میگھوال نے ایوان کو سہل طریقے سے چلانے کے اصول تین سو چوہتر دو کے تحت کانگریس پارٹی کے اراکین کی معطلی واپس لینے کی تجویز پیش کی جسے ایوان نے صوتی ووٹوں سے پاس کردیا۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریسی اراکین پارلیمنٹ کی معطلی کے بعد اسپیکر اوم برلا پہلی مرتبہ بدھ کو ایوان میں آئے تھے ۔ 
انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے انہیں ذاتی طور پر تکلیف ہوئی تھی ۔ انھوں نے سبھی اراکین پارلیمان سے اپیل کی کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ایوان کی تہذیب میں کمئی نہ آئے ورنہ لوگوں کا اعتماد جمہوریت سے اٹھ جائے گا۔ 
اپوزیشن کے اراکین کو انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جس موضوع پر بحث اور بات چیت کرنا چاہتے ہیں وہ ان کا یہ مطالبہ پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیگس