Mar ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال

پاکستان اور ہندوستان میں کورونا وائرس میں مبتلا اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1102 ہوگئی ہے جس میں سے 8 مریض جاں بحق جب کہ 21 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، 5 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 19 افراد مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اس قسم کی صورتحال میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی جنگ کوئی حکومت نہیں صرف قوم لڑ سکتی ہے۔

کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، دکانیں اور مارکیٹیں آج بھی بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹرین آپریشن بھی معطل ہے، شہریوں کو گھروں سے نہ نکلنے کے حکم پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 100 نئے معاملے سامنے ائے ہیں۔ اس کے بعد کورونا کے انفیکشن میں مبتلا لوگوں کی مجموعی تعداد 649 ہوگئی جن میں 563 ہندوستانی اور 43غیرملکی شہری ہیں۔

ہندوستان میں اب تک اس وائرس سے 14 افراد کی موت ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس سے دنیا میں اب تک 21000 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اب تک دنیا میں کورونا وائرس کے 427940 پازیٹیو کیس سامنے آ چکے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کے ساتھ اٹلی آگے ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 7503 اموات ہو چکی ہیں۔

ٹیگس