Mar ۲۸, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا سے 30 ہلاکتیں

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور کیسز کی مجموعی تعداد 1363 ہو گئی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ  پنجاب ہے جہاں مریضوں کی تعداد 490 بتائی گئی ہے اس کے بعد سندھ میں مریضوں کی تعداد 440 رپورٹ ہوئی ہے۔ بلوچستان میں133، خیبر پختونخواہ میں 180 جبکہ اسلام آباد میں 27 اور گلگت بلتستان میں 91 افراد کورونا سے متاثر ہوئے اور کورونا سے متاثرین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے-

دوسری جانب ہندوستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس کے متاثرین میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 110 نئے کیس سامنے آنے کی وجہ سے اس ملک میں اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 834 تک پہنچ گئی جبکہ 66 لوگ ٹھیک ہوکر اسپتال سے چھٹی پا چکے ہیں جبکہ 19افراد کی موت ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اور ملک گیر لاک ڈاؤن کا آج تیسرا دن ہے - ملک کی سبھی ٹرین اور ہوائی سروسز بند ہیں جبکہ دہلی میٹرو کو بھی آئندہ چودہ اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے -

یوں تو ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں کورونا کے متاثرین پائے گئے ہیں لیکن سب سے زیاد مریض کیرالا اور مہاراشٹر میں درج ہوئے ہیں-

ٹیگس