Apr ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

ہندوستان میں چوبیس گھنٹے میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں میں مزید ایک ہزار سے زائد افراد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے ایک ہزار پینتس نئے مریضوں کا پتہ لگنے کے بعد ہفتے تک کورونا سے متاثرین کی تعداد آٹھ ہزار ترسٹھ ہو گئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے چالیس نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو سو انچاس تک جا پہونچی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس سے سات سو چوہتر افراد صحتیاب ہو چکے ہیں ۔ 
ہندوستانی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق کورونا سے متاثرین اور اموات کی سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹر میں ریکارڈ کی گئی ۔
مہاراشٹر میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں تیرہ نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک سو دس ہو گئی ہے جبکہ ریاست میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک ہزار پانچ سو چوہتر ہو چکی ہے۔
مہاراشٹر کے بعد کورونا سے متاثرین کی سب سے زیادہ ریاست تمل ناڈو میں ہے جہاں ہفتے تک نو سو گیارہ افراد اس وائرس میں مبتلا ہو چکے تھے۔ تمل ناڈو میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ بتائی گئی ہے ۔ 
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیز رفتار اضافہ ریکارڈ گیا ہے۔ جمعے کی صبح تک دہلی میں کورونا سے متاثرین کی تعداد سات سو بیس تھی جو ہفتے کو بڑھ کے نو سو تین ہو گئی ۔ دہلی میں کورونا سے تیرہ افراد مر چکے ہیں ۔ 

ٹیگس