May ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان، دلخراش حادثہ نے پھر مزدوروں کی جان لی

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع اوریا کے چروهلی علاقے میں آج ہفتے کی صبح قومی شاہراہ پر ایک منی ٹرک اور ٹرالے کے مابین ٹکر میں کم از کم 24 مزدور ہلاک جبکہ 20 شدید زخمی ہو گئے ۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سنیچر کی صبح ریاست اتر پردیش کے ضلع اوریا میں ایک منی ٹرک اور ایک بڑے ٹرالے کے درمیان ٹکر ہوگئی ۔ اس ایکسیڈنٹ میں چوبیس مزدور ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوگئے ۔

بتایا گیا ہے کہ یہ مزدور چونا لے جانے والے ٹرالے میں ریاست بنگال سے گورکھپور کی طرف جارہے تھے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ٹرالے اور ڈی سی ایم منی ٹرک کے درمیان پھنسے مزدوروں کو کرین کے ذریعے نکالا گیا۔

یاد رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے نتیجے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریلوے اور روڈ ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے دوسری ریاستوں میں پھنسے مزدور، پیدل یا پھر سامان لے جانے والے ٹرکوں کے ذریعے اپنے گھروں کی طرف واپس جا رہے ہیں۔ اب تک درجنوں مزدور متعدد حادثات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہندوستان کی حزب اختلاف کی مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے اوریا حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر ‎سخت تنقید کی ہے کہ دوسری ریاستوں سے اپنے گھر واپس جانے والے مزدوروں کے لئے بسیں کیوں نہیں چلائی جا رہی ہیں کہ اس طرح کے حادثات نہ ہوں ۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں دلخراش حادثہ، مزدور ٹرین سے کٹ کر مرے

گزشتہ ہفتے آٹھ مئی کو بھی صوبے مہاراشٹرا کے صدر مقام ممبئی میں پھنسے مزدور، جس وقت انتظامیہ کے خوف سے شاہراہوں پر چلنے کے بجائے ریلوے ٹریک کے راستے اپنے وطن واپس لوٹ رہے تھے، ایک مال گاڑی کی زد میں آگئے جس کے سبب کم از کم پندرہ مزدوروں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

ٹیگس