Jun ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کیسز کی تعداد دو لاکھ کے قریب

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کے منگل کی صبح جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے آٹھ ہزار ایک سو اکہتر نئے مریضوں کا اندارج کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں منگل کی صبح تک کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ اٹھانوے ہزار سات سو چھے ہو چکی تھی۔ ہندوستان میں منگل کی صبح تک چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں بھی دو سو چار افراد کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد بڑھ کے پانچ ہزار پانچ سو اٹھاون ہو گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد ستانوے ہزار پانچ سو بیاسی رہ گئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا کا قہر سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹرا میں ہے۔ اس ریاست میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار تین سو اٹھاون نئے مریضوں اور چھیتر نئی اموات کا اندراج کیا گیا۔ مہاراشٹر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار تین سو باسٹھ اور متاثرین کی تعداد ستر ہزار تیرہ بتائی گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق کورونا سے ہونے والی تہتر فیصد سے زائد اموات کا تعلق مہاراشٹر، گجرات ، دہلی اور تمل ناڈو سے ہے۔ کورونا سے مرنے والوں کی تعداد مہاراشٹر کے بعد گجرات میں ایک ہزار ترسٹھ، دہلی میں پانچ سو تیئس اور تمل ناڈو میں ایک سو چوراسی بتائی گئی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق تمل ناڈو میں متاثرین کی تعداد تیئس ہزار چار سو پچانوے، قومی دارالحکومت دہلی میں بیس ہزار آٹھ سو چونتس اور گجرات میں سترہ ہزار دو سو بتائی گئی ہے۔

ٹیگس