Jun ۰۴, ۲۰۲۰ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں طوفان سے تباہی، ایک لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقام پر منتقل

مہاراشٹر میں طوفان کے سبب موبائل نیٹ ورک بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں بدھ کو نرسگا طوفان کے سبب 120 سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں جس سے کئی مکانات اور گاڑیوں کو نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔

تیز ہواؤں کے باعث گھروں کی چھتیں اڑگئیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا، جبکہ ریلوے اور فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، ساحلی علاقوں سے ایک لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقام پر منتقل کردیئے گئے۔

ریاست مہاراشٹر کے ساحلی علاقے میں طوفان کے زیراثر طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہورہی ہے جبکہ ممبئی کے علاوہ تھانے، پال گھر، رائے گڑھ ، رتناگری اور سندھو گیری اضلاع میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا۔

مہاراشٹر اور گجرات میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی 43 ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں جبکہ ممبئی میں عوام کو 6 سے7 گھنٹے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مہاراشٹر میں طوفان کے سبب موبائل نیٹ ورک بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ٹیگس