Sep ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں جمعرات کو کورونا کے تقریبا اٹھانوے ہزار نئے مریضوں کا اندراج ، متاثرین کی مجموعی تعداد اکیاون لاکھ سے متجاوز

ہندوستان میں جمعرات کو کورونا کے تقریبا اٹھانوے ہزار نئے مریضوں کے اندراج کے بعد اس موذی وبا سے متاثرین کی مجموعی تعداد اکیاون لاکھ سے تجاوز کرگئی ۔

ہندوستانی وزارت صحت نے جمعرات کو اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ستانوے ہزار آٹھ سو چورانوے نئے مریضوں کا ریکارڈ اضافہ ہوا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد اکیاون لاکھ اٹھارہ ہزار دو سو چون ہوگئی ۔ اس دوران کورونا کے مزید گیارہ سو بتیس مریض لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد تراسی ہزار ایک سو اٹھانوے ہوگئی ۔ 
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے بیاسی ہزار سات سو انیس مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد چالیس لاکھ پچیس ہزار اسّی ہوگئی ۔ 
ہندوستان میں جمعرات کو شفایاب ہونے والوں سے متاثرین کی تعداد چودہ ہزار تینتالیس سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے فعال معاملات کی تعداد دس لاکھ نو ہزار نو سو چھہتر ہوگئی۔ 
اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے جانچ مہم ملک گیر سطح پر جاری ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق سولہ ستمبر کو کورونا کی تشخیص کے لئے گیارہ لاکھ چھتیس ہزار چھے سو تیرہ نمونوں کی جانچ کی گئی ۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق اس مہم کے تحت سولہ ستمبر کی شام تک چھے کروڑ پانچ لاکھ پینسٹھ ہزار سات سو اٹھائیس نمونوں کی جانچ کی جاچکی تھی۔ 
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال معاملات کی شرح انیس اعشاریہ سات تین فیصد ، شفایابی کی شرح اٹھہتر اعشاریہ چھے چار فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چھے تین فیصد ہے۔ 

ٹیگس